ممبئی، 16؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کے اے ایف آئی ڈی بی آئی منی لانڈرنگ معاملہ میں ای ڈی کی جانب سے داخل کی گئی چارج شیٹ میں شراب کاروباری وجے مالیا پر کئی سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ای ڈی کا الزام ہے کہ مالیا نے مبینہ طور پر 20شیل کمپنیاں بنائی اور ان میں ان کے اپنے ہی پرسنل اسٹاف کے لوگوں کو ڈائریکٹر کے طور پر رکھاگیا ۔ساتھ ہی کچھ ایسے لوگوں کو بھی ڈائریکٹر کے طور پر رکھا گیا جو ریٹائر ہو چکے تھے۔اس دوران مرکزی تفتیشی ایجنسی نے کرناٹک کے کرگ اور بنگلورمیں واقع مالیا کی املاک پر قبضہ کرنے کی تیاری کر لی ہے۔
ان املاک کو پروینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت اٹیچ کیا گیا تھا۔اس سے پہلے ای ڈی نے حال ہی میں مہاراشٹر کے علی با غ میں 100 کروڑ کے فارم ہاؤس کو بھی قرق کیا تھا۔ای ڈی نے اس معاملے میں گزشتہ سال فوجداری مقدمہ درج کیا تھا، اور اب تک 9600کروڑ کی جائیداد ضبط کی جا چکی ہے۔بدھ کو ممبئی میں داخل کی گئی اس چارج شیٹ میں ای ڈی نے کہا ہے کہ مالیا نے براہ راست یا بالواسطہ طور پر غیر منقولہ اورمنقولہ جائیداد بنائی ، یہ پبلک لسٹیڈ کمپنیوں کے شیئر اور شیل کمپنیوں کی شکل میں تھیں ۔5ہزار سے زیادہ صفحات کی اس چارج شیٹ میں 57صفحے اہم رپورٹ کے ہیں، جسے ممبئی میں پی ایم ایل اے کی اسپیشل کورٹ میں داخل کیا گیا ہے۔غورطلب ہے کہ ہندوستان کے کئی بینکوں سے 9 ہزار کروڑ سے زیادہ کا لون لے کر فرار مالیا لندن میں ہیں۔مرکزی حکومت انہیں حوالگی کے ذریعے ہندوستان لانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔حالیہ دنوں میں مالیا لندن کے مختلف اسٹیڈیم میں ٹیم انڈیا کے میچ دیکھنے پہنچے، جہاں انہیں لوگوں کی طر ف سے ہوٹنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔